وزیراعظم کا کورونا وائرس سے متعلق وزرا کے متضاد بیانات پر اظہار برہمی
وزیراعظم عمران خان نے وزرا کے کورونا وائرس سے متعلق متضاد بیانات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزرا کو کورونا وائرس سے متعلق بیانات دینے سے روک دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے متضاد بیانات سے عوام میں اضطراب اور بے چینی پیدا ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے وزرا اور دیگر ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئے روز وزرا کے ایک دوسرے کے بیان کے منافی اور کورونا وائرس سے متضاد بیانات کی خبروں پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو ایسے بیانات جاری کرنے سے روک دیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے بیانات سے عوام میں بے چینی بڑھتی ہے اور لوگ غیر واضح صورتحال کا شکار ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے وزرا کو کورونا وائرس پر بیان بازی کے بجائے حلقے کے عوام سے رابطہ بڑھانے کی ہدایت کر دی انہوں نے کہا کہ تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنے حلقوں میں عوام سے بات چیت کے ذریعے عوام کے مسائل سے آگاہ رہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کی صورت میں آنے والے وقت میں مزید نقصان ہوگا جس نقصان کی حکومت متحمل نہیں ہو سکتی، وزیراعظم نے کہا کہ ایسے مشکل وقت میں حکومت کو اتحاد کی ضرورت ہے وزرا ایسے گمراہ کن بیانات سے گریز کریں۔
وزیراعظم نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وزرا اپنے حلقوں کے عوام کے ساتھ زیادہ سے زیادہ نظر آئیں۔ اپنے حلقے کے عوام میں آگاہی پیدا کریں اور ان کو بتائیں کہ کس طرح کورونا وائرس سے نمٹا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن سے ہونے والی معاشی تباہ کاری پر رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں سخت لاک ڈاؤن سے بہتری کے بجائے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں لاک ڈاؤن کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ثابت نہیں ہو سکا۔ بھارت میں لاک ڈاؤن سے65 کروڑ افراد کو معاشی نقصان پہنچا، جبکہ 12 کروڑ لوگ بیروزگار ہوئے۔اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے صحت کے شعبے کو ہنگامی بنیادوں پر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے حال ہی میں سرکاری ٹی وی پر پروگرام کے دوران کورونا سے متعلق ایک بیان دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو کوویڈ-19 اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے پھیلاؤ کے 19 طریقے ہیں اور یہ مختلف ممالک میں مختلف طبیعت کے لوگوں کو مختلف طریقے سے اپنا شکار بناتا ہے۔ وزیر صاحبہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے خوب مذاق بنایا گیا۔
Comments
Post a Comment